اسلام آباد میں ریاست قطر کے سفارتخانے نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو کورونا وائرس (COVID-19) کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے قطر چیریٹی کی جانب سے طبی اور حفاظتی امداد فراہم کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے قطری سفارتخانے میں ہونے والے ایک پروگرام میں جناب شہریار خان آفریدی، وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اور وزیر مملکت سیفرون نے شرکت کی۔ جنہوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے لیے ریاست قطر کی امداد کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا- شہریار خان آفریدی نے دنیا بھر میں کووڈ 19- کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کو سپورٹ کرنے کے حوالے سے ریاست قطر کی خدمات اور تعاون کو بھی سراہا۔
یہ امداد قطر چیریٹی کی جانب سے کورونا وائرس (COVID-19) کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اپنی عالمی کوششوں کے دائرہ کار میں آتی ہے۔
قطری سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن آل ثانی نے پاک قطر تعلقات اور دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کا ذکر کیا اور کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے قطر کی کاوشوں کی کچھ تفصیلات بھی بیان کی- ان کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 کے دوران ریاست قطر کی طرف سے فراہم کی جانے والی کل امداد 88 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے جو تقریبا 80 ممالک اور مختلف بین الاقوامی تنظیمون کی دی گئی۔
جناب سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ امداد کووڈ 19 کے خلاف جنگ کے لئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو مزید تقویت پہنچائے گی، اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ بحران جلد ہی ختم ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ قطر نے 2019 میں آنے والے زلزلہ سے متاثر افراد کی مدد کے لیے میر پور آزاد کشمیر میں،254000 افراد کو تقریبا 2 ملین قطری ریال مالیت کی امداد فراہم کی تھی۔