کلیہ اصول الدین بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی، اسلام آباد ( خواتین کیمپس) کے زیر اہتمام گذشتہ روز سیرت کانفرنس اور سیرت النبی صلی الله عليه وسلم کی مناسبت سے سیرت نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر مختار احمد نے کلیہ اصول الدین کے شعبہ سیرت و تاریخ کے زیر اہتمام لگائی گئی عظیم الشان سیرت نمائش کا افتتاح کیا۔
مہمان مقرر بیرسٹر ظفر اللہ خان نے حضور نبی کریم صلی الله عليه وسلم ، امہات المومنین ، بنات النبی اور دیگر صحابیات کی سیر مبارکہ کے مختلف پہلوؤں کی روشنی میں خواتین کے علمی، سماجی و سیاسی کردار کو واضح کرنے کی کامیاب کوشش کی۔ پروگرام سے واپس نکلتے ہوئے میں نے مذاقا کہا کہ آج آپ نے ثابت کردیا ہے کہ خدا خواتین کا ہے، بیرسٹر صاحب مسکرائے اور میری تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ نہیں خدا انسانوں کا ہے اور اس کے نزدیک انسانی اصناف برابر ہیں۔
اس مبارک تقریب کے مہمان خصوصی جناب پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد صاحب (چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان) تھے۔
ڈاکٹر مختار احمد صاحب نے اپنی مختصر گفتگو میں اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی کہ آج مسلمان بطور امت زوال کا شکار کیوں ہیں؟
مسلم ممالک میں گزرے اپنے ماہ و سال کو یاد کرتے ہوئے اور وہاں کیے گئے مشاہدات کا تجزیہ کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد صاحب نے بتایا کہ ہم بطور استاذ، بطور امام اور بطور رہنما اپنے اپنے دائرہ کار کا حق ادا نہیں کررہے۔ ہمیں بطور استاذ، امام اور رہنما کے اپنا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ اگر اپنے اندر موجود غلطی کا ہمیں احساس ہوگیا ہے اور اسے ہم نے ٹھیک کرلیا تو پھر ہمیں ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
ڈاکٹر مختار احمد نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اس وقت میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت کی طرح تعلیم ، صحت اور سماجی ایشوز کو سیاست سے پاک کرنے کےلیے ایک میثاق پاکستان کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لیے وہ ملک کی تمام سیاسی قیادت سے رابطہ کرکے انہیں مذکورہ تین ایشوز پر سیاست سے باز رہنے اور ان کے لیے مختص بجٹ کو صحیح طور پر استعمال کرنے کی درخواست کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بات درست ہے کہ مذکورہ تینوں ایشوز ہماری ترجیحات میں قریب قریب نظر نہیں آتے۔ اللہ کرے ڈاکٹر مختار صاحب اپنے مقصد میں کامیاب ہوں پاکستان میں تعلیم ، صحت اور سماج سے جڑے مسائل کا کوئی حل نکلے۔
کلیہ اصول الدین کے زیر اہتمام سیرت کانفرنس سے ڈاکٹر ثمینہ ملک اور ڈاکٹر تاج افسر نے بھی خطاب کیا۔ کلیہ کے شعبہ سیرت و اسلامی تاریخ کے زیر اہتمام عظیم الشان سیرت نمائش کی چند جھلکیاں یہاں ملاحظہ کی جاسکتی ہیں۔