گزشتہ روز ریلیز ہونے والی عامر خان اور امیتابھ بچن کی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ ناقدین اورشائقین کو زیادہ متاثر نہیں کرسکی تھی، شائقین نے ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کو اوسط درجے کی فلم قرار دیتے ہوئے اسے بیزار کن قرار دیا تھا، لیکن تنقید کے باوجود ’ٹھگ آف ہندوستان‘ لوگوں کی جیبوں سے کروڑوں نکلوانے میں کامیاب رہی ہے
فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ نے ریلیز کے پہلے 52 کروڑ25 لاکھ کا بزنس کرکے نیاریکارڈ قائم کردیا۔ اس سے قبل بھارتی سینما کی تاریخ میں کسی فلم نے ریلیزکے پہلے روز اتنا بزنس نہیں کیا، اس کے ساتھ ہی ’ٹھگ آف ہندوستان‘ دیوالی پر بھی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے، ٹھگ آف ہندوستان‘ سے قبل سلمان خان کی فلم ’پریم دھن پایو‘ نےدیوالی کے موقع پر39 کروڑ اور ’باہو بلی‘ نے 40 کروڑ سے زائد کا بزنس کیاتھا۔
صرف یہی نہیں 52 کروڑ سے زائد کے بزنس کے ساتھ ’ٹھگ آف ہندوستان‘ رواں سال ریلیز کے پہلے روز سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے، اس سے قبل فلم ’سنجو‘ نے ریلیز کے پہلے روز 34 کروڑ75 لاکھ، ’ریس3‘ نے 29 کروڑ 17 لاکھ، ’گولڈ‘ نے 25 کروڑ 25 لاکھ اور ’باغی2‘ نے 25 کروڑ 10 لاکھ کا بزنس کیاتھا۔