معروف امریکی جریدہ TIME ہر سال اُن بہترین ایجادات پر روشنی ڈالتا ہے جو دنیا کو بہتر اور زندگی کو دل چسپ بنانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ سال 2019 کے لیے 100 بہترین ایجادات کی فہرست میں سے "افکارپاک ڈاٹ کام” نے اپنے قارئین کے لیے 10 ایسی ایجادات کا چُناؤ کیا ہے جو ہماری روز مرہ زندگی کے لیے اہم ترین ہیں ۔
1 ۔ بولنے والا آلہِ سماعت
یہ جدید آلہ سماعت آواز کو بلند کرنے کے ساتھ اس کے اطراف کے شور کو کم کرتا ہے۔ آلے کے ساتھ ایک سینسر بھی فراہم کیا گیا ہے جو مصنوعی ذہانت کے تحت کام کرتے ہوئے سوالات کا زبانی جواب بھی دیتا ہے۔ مثلا اسمارٹ اسسٹننٹ اور غیر ملکی زبانوں سے اپنی زبان میں ترجمہ وغیرہ۔ اسی طرح یہ آلہ سماعت بڑ عمر کے افراد کی حفاظت کا بھی خیال رکھتا ہے۔ مثلا اس آلے کو لگانے والے شخص کے گر جانے یا کسی ہنگامی طبی مسئلے کے پیش آنے کی صورت میں یہ آلہ انتباہی پیغام بھی ارسال کرتا ہے۔
2 ۔ بولتی عینک
جن لوگوں کو بصری مشکلات کا سامنا ہے ، ایسے افراد کے لیے یہ ایجاد کایا پلٹ ثابت ہو سکتی ہے۔ اس ایجاد کو "بولتی عینک” قرار دیا گیا ہے۔ یہ مصنوعی ذہانت کا حمل ایک آلہ ہے جو جو کسی بھی عینک کے فریم میں نصب کیا جا سکتا ہے۔ یہ آلہ چہروں اور کرنسیوں کی پہچان کرنے کے علاوہ تحریری متن اور بار کوڈز سے معلومات پڑھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ اس نئی ٹکنالوجی کو اُن لوگوں کی مدد کے واسطے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جن کو پڑھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
3 ۔ اسمارٹ چھڑی
چند سال پہلے کورسیٹ سیلان نامی ایک نابینا شخص اپنی چھڑی اور اسمارٹ فون کے نقشوں کی ایپلی کیشن کے ذریعے ایک ہوٹل کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس دوران سامان کھینچتے ہوئے وہ ایک پول سے ٹکرا گیا اور اس کی پیشانی زخمی ہو گئی۔ اس واقعے کے نتیجے میں سیلان نے اپنی حیران کر دینے والی ایجاد کا فیصلہ کیا جسے اس نے”WEWALK” کا نام دیا۔ یہ ایک اسمارٹ چھڑی ہے جو استعمال کرنے والے کے سینے سے اوپر سطح کی تمام رکاٹوں اور چیزوں کا پتہ چلاتی ہے۔ اس چھڑی کو "بلو ٹُوتھ” کے ذریعے مختلف ایپلی کیشنز اور گوگل نقشوں کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ نئی ایجاد دنیا بھر میں 25 کروڑ نابینا اور نظر کی کمزوری کا شکار افراد کی بآسانی نقل و حرکت میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
4 ۔ اسمارٹ ریزر
شیو بنوانے کے لیے سیلون کا رخ کرنے والے بہت سے مردوں کو اس بات کا علم نہیں کہ اب وہ گھر پر بھی شیو کے دوران گرمائش کے احساس کا لطف حاصل کر سکتے ہیں۔
جی ہاں Heated Razor ایک ایسا اسمارٹ ریزر ہے جس میں پانچ بلیڈز کے نیچے اسٹین لیس اسٹیل کی بار فراہم کی گئی ہے۔ یہ بار دوران شیو آپ کے چہرے کو گرمائش کا احساس دے گی۔ اس سلسلے میں سینسر کے ذریعے گرمائش کے چار درجوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔
5 ۔ ایرو فارمز
دنیا بھر میں کروڑؑوں افراد غذائی امن کی عدم ضمانت کا شکار ہیں۔ ماہرین کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں میں اضافے کے ساتھ یہ تعداد کہیں زیادہ بڑھ سکتی ہے۔ اس حوالے سےAeroFarms کے منصوبے کے خالق افراد کا کہنا ہے کہ Indoor فارمز کی اس ٹکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ اس طرح کی زراعت اور کاشت میں روایتی طریقے کے مقابلے میں 95% کم پانی درکار ہوتا ہے۔ کمپنی کی ٹکنالوجی کے تحت بیجوں کو مٹی کے بدلے گیلے کپڑوں کے ٹکڑوں میں رکھا جاتا ہے۔ واضح رہے کہAeroFarms کی ٹکنالوجی کے ذریعے بند گوبھی اور تارا مورا کی وسیع پیمانے پر کاشت کی جا چکی ہے۔
6 ۔ ہوا سے پینے کے پانی کی تیاری
ہوا کے بعد انسانی زندگی کی بقا کے لیے اہم ترین عنصر پانی ہے۔ اس سلسلے میں پانی کے ڈسپنسر کی شکل کی ایک ایجاد سامنے آئی ہے۔ اس ایجاد کا نام Watergen ہے اور یہ ہوا میں موجود رطوبت کو کھینچ کر اسے پینے کے صاف پانی میں تبدیل کر دیتی ہے۔ یہ مشین ایک دن میں 7 گیلن پانی تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کو بجلی یا شمسی توانائی کے ذریعے چلایا جا سکتا ہے۔ یہ مشین زیادہ فضائی آلودگی کے علاقوں میں بھی پینے کا صاف پانی تیار کر سکتی ہے۔
7 ۔ اسمارٹ چیئر
جرمنی کے شہر برلن میں ایک ایسی "اسمارٹ” کُرسی ڈیزائن کی گئی ہے جو بیٹھنے والے کو انتہائی آرام اور راحت فراہم کرتی ہے۔ کرسی میں نصب auto-harmonic tilt اسے استعمال کرنے والے کے جسم کی نشست کے انداز اور طریقے کے مطابق مسلسل ایڈجسٹ کرتا رہتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کرسی کے نیچے دیے گئے لیور کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
8 ۔ اسمارٹ تالا
عام روایتی تالوں کا انحصار نمبروں یا پھر چابیوں پر ہوتا ہے اور دونوں چیزیں بآسانی بھولی جا سکتی ہیں۔ تاہم اب نئی ٹکنالوجی نے ایسا اسمارٹ تالا متعارف کرایا ہے جس کو ریچارج کیا جا سکتا ہے۔ اس تالے کو انگلیوں کے نشانات یعنی فنگر پرنٹس یا پھر چابی کے ذریعے کھولا جا سکتا ہے۔ تالے کی میموری میں 10 افراد کے فنگر پرنٹس کی گنجائش ہے۔ اس طرح ایک ہی گھرانے کے متعدد لوگ اس تالے کو بیک وقت استعمال کر سکتے ہیں۔
9 ۔ آلات کا کنٹرول "آنکھوں” کے ذریعے
یہ ٹکنالوجی remote control سے مشابہت رکھتی ہے۔ اس کے ذریعے کمپیوٹر، ٹیلی وژن، ٹیبلیٹس اور دیگر آلات کو استعمال کیا جا سکتا ہے مگر "آنکھوں” کے ذریعے … بالخصوص مختلف جسمانی معذوری کا شکار افراد کے لیے یہ ایک اہم ضرورت ہے۔
آنکھوں کا استعمال کرتے ہوئے صارف فری ویب سائٹ Xfinity’s میں داخل ہو سکتا ہے۔ یہاں پر اندراج کرنے کے بعد صارف صرف اپنی آنکھوں کے ذریعے اسکرین پر نظر آنے والے بٹنوں کا استعمال کر کے مختلف آلات کو کنٹرول کر سکتا ہے۔ اس ایجاد کے خالق کا کہنا ہے کہ اس ٹکنالوجی کے ذریعے جسمانی معذوری کا شکار بعض افراد پہلی مرتبہ ٹی وی چینل تبدیل کرنے کے تجربے سے لطف اندوز ہوں گے۔
10 ۔ کھانے کی اشیاء ہمیشہ تازہ
کھانے پینے کی اشیاء کی ایک بڑی مقدار مناسب طور محفوظ نہ رکھنے کے سبب ضائع ہو جاتی ہے۔ غذا اور خوراک کے ضیاع کا تناسب کم کرنے کے لیےApeel Sciences کمپنی نے ایک ایسا طریقہ ایجاد کیا ہے جس کی مدد سے سبزیوں، پھلوں اور جڑی بوٹیوں کی تازگی کو زیادہ طویل عرصے تک برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ کمپنی نے پودوں سے حاصل شدہ ایک ایسا خوردنی روغن تیار کیا ہے جس کی مدد سے پھلوں اور سبزیوں کی عمر میں تین گنا اضافہ ممکن ہے۔ کمپنی کے مطابق اس مصنوعی چھلکے کے ذریعے ایواکاڈو اور لیموں کی تازگی کی مدت بڑھائی جا چکی ہے جب کہ اس وقت کیلے پر تجربات جاری ہیں۔