کراچی، ڈاکو قرار دیے گئے دونوں بھائی بے گناہ نکلے، چوبیس گھنٹے بعد رہائی۔
لاہور کے دو بھائیوں کے متعلق بھی ایسی ہی خبر آنے کو ہے۔
عدالتیں بہترین انصاف دے رہی ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ
آپ کہتے ہیں تو ماننا ہی پڑے گا، مائی لارڈ!
ارکان اسمبلی کی بھی کوئی عزت ہے، فواد چودھری
تجھ پہ یہ راز کھلا کب؟
نیب افسر فائل پڑھے بغیر آجاتے ہیں، کیا کیس کی تیاری عدالت نے کرنی ہے؟ چیف جسٹس
افسر بے چارے کیا کریں؟ ان کو فائلیں ملتی ہی اس وقت ہیں جب آپ کے پاس آنا ہوتا ہے۔
آرمی ایکٹ کے رولز اور ریگولیشنز اپوزیشن کو بتائے جائیں، شاید یہ ہم سے گیم کھیل رہے ہیں، بلاول
آپ بھی تو وہ گیم کھیلنے پر رضا مند ہوگئے ہیں جس میں آپ کی باری آنے کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔
بڑی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئیں، مصطفی کمال
اپنے مسائل تو شاید کافی حد تک حل کرانے میں کامیاب ہوگئی ہیں بڑی جماعتیں۔
ایرانی جنرل حملے کے وقت سعودیہ سے کشیدگی کم کرا رہے تھے، عراق
موصوف شام سے عراق آئے تھے، واپس ایران جانا تھا، اس روٹ میں تو ریاض یا جدہ نہیں آتے۔
امریکا طاقت کے غلط استعمال سے باز رہے، چین
آپ سکھائیں ناں امریکا کو طاقت کا صحیح استعمال!
پی ٹی آئی اور ن لیگ آرمی ایکٹ کی غیرمشروط منظوری کا فیصلہ کرچکی تھیں، بلاول
ابا نے کہا ہم کیوں پیچھے رہیں۔
ن لیگ کئی معاملات پر الجھن کا شکار۔ فیصلہ سازی کا فقدان، تجزیہ کار
جب چمڑی اور دمڑی دونوں بچانے کی فکر ہوتو پھر ایسا ہی ہوتا ہے، تجزیہ کار صاحب
یوٹیلیٹی اسٹورز پر تیل، گھی، دالوں اور چاول کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ، بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اس کے باوجود اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ معیشت مستحکم ہوگئی ہے!
ایرانی جنرل پر حملہ، امریکا نے برطانیہ اور سعودی عرب کو پہلے نہیں بتایا۔
اگر بتا بھی دیا جاتا تو یہ دونوں کون سا روک لیتے امریکا بہادر کو۔
کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام، 71 برس بعد بھی نظریں اقوام متحدہ پر لگی ہیں، مشیر اطلاعات ونشریات
گویا ہمارا کام تو اب سلام دعا ہی رہ گیا ہے۔ ویسے ہوسکے تو اقوام متحدہ پر لگی نظروں کا علاج کروالیں۔
فواد چودھری نے سمیع ابراہیم کے بعد مبشر لقمان کو بھی تھپڑ مار دیا۔
گویا چودھری صاحب منہ پھٹ کے ساتھ ساتھ ہتھ چھٹ کے ایوارڈ کے حق دار بھی ہوگئے ہیں اب۔
ایرانی جنرل پر حملہ، امریکا کے اعتماد میں نہ لینے پر بھارت پریشان۔
بھارت کو تو اب ہر طرف سے لگتا ہے پریشانیوں کی سوغات ہی ملے گی۔
تمام جماعتیں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہیں، پرویز خٹک
حتیٰ کہ بعض ضدی جماعتیں جو لیٹی ہوئی تھیں، وہ بھی کھڑی ہوگئی ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، امریکا ایران تنازع سے دور رہنے کا فیصلہ
کتنی دور رہنے کا ہے یہ فیصلہ؟! جلد پتا چل جائے گا۔
متحدہ کو قیادت ملی، عوام کے مفاد میں پالیسیاں نہ بنا سکے، میئر کراچی
جو کچھ بنایا ہے آپ لوگوں نے اس میں عوام کو بھی شریک کرلیتے ناں میئر صاحب!
پیپلزپارٹی نے آرمی ایکٹ میں تین ترامیم تجویز کردیں۔
کوئی تو بہانہ ہو ایکٹ منظور کرانے کا، اسے شاید ”اہتمام حجت“ کہتے ہیں۔
عراق فوجی انخلا چاہتا ہے تو ہمارے پیسے واپس کرے، ٹرمپ
اس طرح کی فرمائش آپ افغانستان سے تو نہیں کریںگے ناں!
سیاست میں کچھ لوگ ایسے آگئے ہیں جن کی کوئی قربانی نہیں، ندیم افضل چن
وہ قربانی کی کھالیں اکٹھا کرنے پر یقین رکھتے ہیں، چن جی!
خامہ بدست کے قلم سے
لکھاری ایک معروف صحافی و کالم نگار ہیں۔ " خامہ بدست" کے قلمی نام کے ساتھ ملکی سیاست و معاشرت پر مختصر مگر جامع تبصرہ کرتے ہیں جو طنزومزاح سے بھرپور ہوتا ہے۔
Related Posts
Add A Comment