دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیس سامنے آنے کے بعد اب اسرائیل اور لبنان میں بھی مہلک وائرس کے کیس سامنے آگئے۔
دوسری جانب ایران میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد چار ہوگئی ہے، ایرانی وزارت صحت کی ترجمان مینو مہریز نے بتایا کہ اب تک 18افراد میں اس وائرس کی نشاندہی ہو چکی ہے جبکہ قم شہر میں مزید دو مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس طرح اب تک کورونا وائرس سے ایران میں کل چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
مہریز کے مطابق امکان ہے کہ یہ وائرس ایران کے تمام شہروں میں پہنچ چکا ہے۔ادھر چین میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 2250 ہوگئی ،عالمی ادارہ صحت کی ٹیم آج ووہان پہنچے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان میں ڈائمنڈ پرنسز بحری جہاز سے لوٹنے والی خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ،بحری جہاز سے واپس آنے والے 11 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے ایک کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
ادھر ایران کے شہر قم سے لوٹنے والی 45 سالہ خاتون میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔دوسری جانب ایران کے کئی شہروں میں کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں بھی کوروناوائرس سے2افراد متاثر ہوئے ہیں، وزارت صحت امارات کے مطابق ان افراد میں ایک فلپائنی اور دوسرا بنگلہ دیش کا شہری ہے۔
اس سے قبل تین چینی شہریوں میں کورونا وائرس کی شناخت ہوئی تھی جو اب صحت یاب ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب کویت کی قومی فضائی کمپنی نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔
جمعرات کے روز ٹویٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے اندیشوں کے بیچ کویت کی وزارت صحت اور شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی کی ہدایات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق کویت کی بندرگاہوں نے کرونا وائرس کے سبب ایران کیلئے سمندری آمد ور رفت کا سلسلہ بھی روک دیا ہے۔