کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والی امریکی خاتون نے اپنی کہانی سُناتے ہوئے کہا کہ میں لوگوں کو اُمید دلانا چاہتی ہوں کہ گھبرائیں نہیں اگر آپ صبر سے کام لیں گے تو آپ بھی میری طرح اِس وائرس سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں مقیم 37 سالہ الزبتھ شنائیڈر نے میڈیا کو بتایا کہ اُنہوں نے بائیو انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کیا ہوا ہے اور وہ اپنی کہانی لوگوں کو اِس لیے سُنانا چاہتی ہیں تاکہ وہ کورونا وائرس کے مریضوں کی زندہ بچنے کی اُمید کو بڑھا سکیں۔
الزبتھ شنائیڈر نے بتایا کہ 25 فروری کو ایک پارٹی میں گئی تھیں جس کے تین دن بعد اُن کو نزلے، کھانسی جیسی علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئیں اور پھر اُس کے بعد اُن کو تھکن محسوس ہونے لگی۔
شنائیڈر نے بتایا کہ اُن کو لگا کہ کام اور مصروفیت کی وجہ سے اُن کو تھکن محسوس ہو رہی ہے۔
خاتون نے کہا کہ وہ اپنے آفس میں ہی تھیں کہ وہاں اُن کو بخار ہوگیا جس کے بعد وہ فوراً سے سب کام چھوڑ کر گھر آگئیں تھی۔
خاتون نے بتایا کہ اُن کو بہت تیز بخار ہورہا تھا اور وہ سردی سے کانپ رہ تھی۔ اُنہوں نے بتایا کہ وہ نزلہ کھانسی کی دوائیاں کھا رہی تھیں کیونکہ اُنہوں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اُن کو کورونا وائرس ہوجائے گا۔
شنائیڈر نے بتایا کہ جب اُن کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی تو اُنہوں نے ڈاکٹر سے رجوع کیا جس پر ڈاکٹر نے اُن کو گھر میں رہ کر آرام کرنے کی ہدایت کی۔
خاتون نے بتایا کہ کچھ دن کے بعد اُنہوں نے اپنی دوست کی فیس بُک پوسٹ دیکھی جس کے بعد اُن کو معلوم ہوا کہ پارٹی میں شرکت کرنے والے مزید 5 افراد کی حالت بھی اُن کی طرح ہی ہے اُن کو بھی وہ ہی علامات ظاہر ہو رہی ہیں جو علامات خاتون کو ظاہر ہوئی تھیں۔
شنائیڈر نے بتایا کہ اُن میں سے کچھ لوگ ڈاکٹر کے پاس گئے تو ڈاکٹر نے اُن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ نہیں کروایا بلکہ صرف اُن کو فلو کی دوا دے دی۔
خاتون نے بتایا کہ اُنہوں نے اپنی بیماری کے بارے میں جاننے کے لیے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا اور7 مارچ کو اُن کو بُری خبر ملی کہ اُن کو کورونا وائرس ہوگیا ہے۔
اُ نہوں نے بتایا کہ اُس کے بعد اُنہوں نے علاج شروع کیا اور ایک ہفتے کے بعد اُن کو اِس وائرس سے چھٹکارا حاصل ہوگیا۔
خاتون نے کہا کہ اب وہ ٹھیک ہیں لیکن پھر بھی زیادہ گھر سے باہر نہیں جاتی اور نہ ہی لوگوں سے زیادہ ملاقات کر رہی ہیں۔
شنائیڈر نے کہا کہ اُنہوں نےاپنی یہ کہانی اِس وجہ سے سُنائی ہے تاکہ لوگوں کو تسلّی مل سکے اور لوگ گھبرائیں نہیں۔
خاتون نے کہا کہ اگر آپ کو ایسی علامات ظاہر ہو رہی ہیں تو اِس کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنا ٹیسٹ کروائیں، پانی کا استعمال زیادہ کریں، کوشش کریں کہ زیادہ گھر سے باہر نہ جائیں اور گھر میں آرام کریں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے 125 ممالک میں 4 ہزار 969 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ دنیا بھر میں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔