امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مابین امن معاہدہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے باہمی تعلقات استوار کرنے پر اتفاق کا اظہار کیا ہے۔
خبررساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ میں کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات کو معمول پر لانا ایک ‘بہت بڑی پیشرفت’ ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘یہ ہمارے دو عظیم دوستوں کے مابین تاریخی امن معاہدہ’ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ معاہدے کے تحت اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے کے بڑے حصوں کو منسلک کرنے کے اپنے منصوبوں کو معطل کردے گا۔
بعدازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے خطے میں مسلمان پڑوسیوں کے مابین مزید سفارتی کامیابیاں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘کچھ ایسی پیش رفت متوقع ہیں جس کے بارے میں ابھی بات نہیں کرسکتا’۔
دوسری جانب امریکا کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے اسرائیل اور یو اے ای کے مابین امن معاہدے کو ‘تاریخی دن اور مشرق وسطی میں امن کے لیے ایک اہم قدم’ قرار دیا۔
مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا کو امید ہے کہ یہ قابل تحسین قدم خطے میں 72 برس کی دشمنی کو ختم کرنے والے معاہدوں کے سلسلے میں پہلا ہوگا۔
امریکا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ‘سفارتکاری اور خطے کے لیے ایک فتح’ ہے۔ انہوں نے مزید کہا "یہ عرب اسرائیل تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہے جس سے تناؤ کم ہوتا ہے اور مثبت تبدیلی کے لئے نئی توانائی پیدا ہوتی ہے۔”
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے جواب میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے عبرانی زبان میں ٹوئٹ کیا کہ ‘یہ تاریخی دن’ ہے۔
علاوہ ازیں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ انہیں امید ہے کہ ‘یہ تاریخی پیشرفت مشرق وسطیٰ میں امن کو آگے بڑھائے گی’۔