رابطہ عالم اسلامی نے یورپی ملک سویڈن میں قرآن پاک نذر آتش کیے جانے کے واقعے کو اشتعال انگیز اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے پوری دنیا کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ قرآن پاک نذرآتش کیے جانے کے مجرمانہ واقعے پر پرامن رہیں اور اس اشتعال انگیز اقدام کا حکمت اور دانش مندی کے ساتھ جواب دیں۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور علما کونسل کے چیئرمین الشیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے ایک بیان میں سویڈش حکام کی طرف سے قرآن پاک کے نذرآتش کیے جانے کےواقعے کا نوٹس لینے کو سراہا۔ سویڈن کی حکومت نے اس واقعے کو انفرادی کارروائی قرار دیا ہے۔
سویڈن کا کہنا ہے کہ قرآن پاک نذرآتش کرنے کا واقعہ سویڈن قوم کی اجتماعی سوچ کی نمائندگی نہیں کرتا۔ سویڈن ایک مہذب قوم اور ہرطرح کی نسل پرستی اور نفرت پرمبنی اقدام کو مسترد کرتی ہے اور مذہبی آزادیوں اور مذہبی کتابوں کے احترام پر زور دیتی ہے۔
خیال رہے کہ سویڈن میں قرآن پاک نذرآتش کیے جانے کے واقعے پر عالم اسلام میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ کئی مسلمان ممالک میں اس مجرمانہ واردات کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔