مسلح تصادم سے متاثر بچوں کی تعلیمی امداد کی اشد ضرورت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے قطرحکومت کی تجویز پر 9 ستمبر کو دنیا بھر میں تعلیم کو حملوں سے بچانے کا عالمی دن منایا جائے گا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2019 میں 9 ستمبر کو تعلیم کو حملوں سے بچانے کے عالمی دن کے طور پر منانے کے لئے ایک قرار داد منظور کی۔ اس کی تجویز چیئرپرسن آف ‘‘ایجوکیشن اباؤ آل فاؤنڈیشن’’ اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف گروپ کی رکن محترمہ شیخہ موزا بنت ناصر نے دی تھی۔
ریاستِ قطر نے بین الاقوامی رائے عامہ کو ہموار کرنے کی مہم شروع کی تاکہ تعلیم پر جاری جان بوجھ کر کیے جانے والے حملوں اور دنیا بھر میں ہونے والے مسلح تشدد کے نتیجے میں بچوں کے نقصان پر جوابدہی کو یقینی بنایا جاسکے۔ یہ دن عالمی برادری کے لئے ایک سالانہ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جو ترقی اور نئے اعداد و شمار کا جائزہ لے گا اور ان حملوں کے مرتکب افراد کو جوابدہ قرار دینے اور ان کے استثنیٰ کو ختم کرنے کے لئے موثر طریقہ کار وضع کرنے کا عہد کرے گا۔ "تعلیم کو حملوں سے بچانے کے عالمی دن” کا تصور پیش کرنے کے بارے میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف گروپ کی رکن محترمہ شیخہ موزا بنت ناصر کے بنیادی کردار کو تسلیم کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ان کی واضح سوچ اور عالمی سطح پر تعلیم کے میدان میں ان کی کاوشوں کی بدولت اس قرارداد کو منظور کیا گیا۔
تعلیم کو حملوں سے بچانے کا عالمی دن منانے کے لئے ایک اعلٰی سطحی آن لائن ایونٹ کا انعقاد
یہ دن پہلی مرتبہ 9 ستمبر 2020 کو ایک اعلی سطحی ورچوئل ایونٹ کے ذریعہ منایا جارہا ہے جس میں محترمہ شیخہ موزا بنت ناصر، چیئرپرسن ‘‘ایجوکیشن اباؤ آل فاؤنڈیشن‘‘ اور ریاست قطر کے نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ محترم شیخ محمد بن عبد الرحمن آل ثانی شرکت کریں گے۔ اسی طرح اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے کئی بڑے عہدیداروں اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے ممبران کے ساتھ شریک ہوں گے۔
"تعلیم کو حملوں سے بچانے کے عالمی دن” کے بارے میں ایک صفحہ اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
اس اعلی سطحی پروگرام کا مقصد تعلیم کو حملے سے بچانے کے عالمی دن کو فروغ دینے، ‘‘محفوظ اسکولوں کے اعلامیے’’ کی توثیق اور عمل درآمد کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ مسلح تصادم کے دوران تعلیم پر ہونے والے حملوں کی نگرانی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان بہترین طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا ہے جن سے بین الاقوامی سطح پر تعلیم پر ہونے والے حملوں کو روکا جا سکے۔
یہ اعلی سطح کا عالمی پروگرام ‘‘ایجوکیشن اباؤ آل فاؤنڈیشن‘‘ کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔