عرب پارلیمنٹ کا وفد اسپیکر عرب پارلیمنٹ عادل بن عبد الرحمن کی قیادت میں اپنے پانچ روزہ دورے کے لیے پاکستان میں موجود ہے۔ آج کے دن عرب پارلیمنٹ کے وفد نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوارن شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر، بالخصوص فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عرب ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اتحاد امہ کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہیں اور تنازعات کے سیاسی حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عرب پارلیمانی وفد کو پاکستان کی جغرافیائی اقتصادی ترجیحات اور کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدامات اور پاکستان کے دیرینہ موقف سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عرب پارلیمنٹ کے وفد کا یہ دورہ باہمی پارلیمانی تعلقات و روابط کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عرب ممالک کے ساتھ اقتصادی روابط کے فروغ، تعمیر و ترقی میں معاونت و شراکت، معاشی و معاشرتی ارتقاء، اور امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں ہماری ترجیح ہیں۔
قبل ازیں عادل بن عبدالرحمن نے پاکستانی سینٹ چیئرمین سردار صادق سنجرانی کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین کے مطابق آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے موقف پر قائم ہے۔ ملاقات کے دوران عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر عادل بن عبدالرحمان نے پاکستان دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عرب دنیا کے لیے ایک اہم ملک کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ رابطے اور تعاون کو انتہائی اہم سمجھتے ہیں۔ اس دورے سے پارلیمانی تعاون، اداراتی روابط اور کثیر الجہتی شراکت داری کے لیے راہیں ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔
اسپیکر عادل بن عبدالرحمان نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو عرب پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ کسی بھی غیر عرب پارلیمانی لیڈر کوعرب پارلیمنٹ میں خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔
سردار صادق سنجرانی نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے خوش قسمتی اور اعزازہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد پارلیمانی وفد کے ہمراہ عرب پارلیمنٹ کا دورہ کریں گے۔