عبدالرزاق داوٴد مہاتیر کی جانب سے عمران خان کو بھجوائی گئی گاڑی وصول کریں گے۔
وزیراعظم بننے سے پہلے خان صاحب کے لیے وصولیاں کرنے والے آج کل کہاں ہیں؟!
الیکشن کمیشن تقرریاں، اپنا اختیار خود استعمال کرنا چاہتے ہیں، پرویزخٹک
آپ کی حسرت نما خواہش یا خواہش نما حسرت ہی کہا جاسکتا ہے اسے۔
فوادچودھری کو تفصیلی فیصلہ دیکھے بغیر سقم کیسے نظر آیا، احسن اقبال
پنڈی والی عینک لگائی ہوگی فواد چودھری صاحب نے شاید۔
بالاکوٹ جارحیت کے نتیجے میں ہمیں بھاری نقصان اٹھانا پڑا، بھارتی فضائیہ کا پہلی بار اعتراف
ابھی تو اس طرح کے کئی اور اعترافات کریں گے لالہ جی۔
ملک میں سپریم کون ہے پارلیمان یا سپریم کورٹ؟ فواد چودھری
فی الحال تو سپریم وہی نظر آرہا ہے جس کے ساتھ سپریم لگتا ہے، باقی آگے چودھری صاحب آپ خود سمجھ دار ہیں۔
پارلیمنٹ 6 ماہ میں طے کرے، ورنہ نیا آرمی چیف لانا ہوگا، سپریم کورٹ
یہ فیصلہ ضمانت سمجھا جائے کہ ان 6ماہ میں پارلیمنٹ تہہ نہیں کردی جائے گی !
دشمن پاکستان کا بال بیکا نہیں کرسکتا، آرمی چیف
بس نادان اپنوں کو ”سمجھانا“ پڑے گا۔
نیب ترمیمی بل پر حکومت آمادہ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے رابطے۔
آرمی چیف کے حوالے سے قانون سازی کی بات ہوتو حکومت والے کہتے ہیں کہ ہم نے کوئی رشتہ نہیں کرناکہ اپوزیشن کے ساتھ بیٹھیں۔
معصوم بچوں کے خون نے ہمیں متحد کیا، وزیراعظم
اب کس کا خون متحد کرے گا ہمیں؟
لاہور میں جناح ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
وزیر ریلوے کے رنگ میں رنگتی جارہی ہیں ٹرینوں کی بوگیاں۔
چیئرمین نیب بتائیں پہلے ہوائیں کہاں سے آرہی تھیں جو اَب بدلنے والی ہیں، شاہد خاقان عباسی
ہوابازی کے شعبے سے آبائی تعلق ہونے کے باوجود آپ نہیں جانتے؟!
آسٹریلیا، وفاقی وزیر مراد سعید کے والد کو نامکمل کاغذات کی بنا پر میلبورن ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔
شرارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 70سالہ سعیداللہ اسٹوڈنٹ ویزے پر آسٹریلیا گئے تھے۔
وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا منسوخ، سوئٹزرلینڈ، سعودی عرب اور بحرین کے دورے کو فوقیت۔
”ایک ہوں مسلم“ کا چورن بیچنے والوں کا کیا بنے گا؟!
آرمی چیف کی ملازمت میں توسیع سادہ قانون سازی سے کی جائے، عدالت عظمیٰ
کیا واقعی یہ قانون سازی سادہ سی ہے؟
وزیراعظم نے کوالالمپور کانفرنس پر سعودی خدشات دور کردیے۔
اور خود ملائیشیا کی بجائے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے۔
مولانا فضل الرحمن کا دھرنا ایک چٹ پر ختم ہوا، وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان
وزیر ہوا بازی ہونے کے ناتے موصوف بیان دیتے نہیں چھوڑتے ہیں، ویسے آپ سے بہتر کون جانتا ہے کہ آج کل بڑے بڑوں کا اٹھنا اور بیٹھنا چٹوں کا ہی مرہون منت ہے۔
سابق صدر سے چالیس برس کا حساب لینا ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
2008ء سے 2013ء تک کے حساب کتاب میں تو آپ بھی سابق صدر کے ”زیرِصدارت“ تھیں ناں!
نوجوانوں کی نظریاتی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے، ڈاکٹر ضیاء الحق
ڈاکٹر ضیاء الحق صاحب شاید جنرل ضیاء الحق کے دور میں زندہ ہیں۔
مائنس ون کا وجود نہیں، عمران خان 5 سال پورے کریں گے، شیخ رشید
کبھی ٹرینوں سے مائنس ہوتی بوگیوں کے متعلق بھی سوچ لیا کریں، ویسے جس وزیراعظم کی کابینہ میں بھی آپ رہے، اس نے پانچ سال پورے نہیں کیے۔ نوازشریف، ظفراللہ جمالی، شوکت عزیز، چودھری شجاعت حسین وغیرہ وغیرہ۔
خامہ بدست کے قلم سے
لکھاری ایک معروف صحافی و کالم نگار ہیں۔ " خامہ بدست" کے قلمی نام کے ساتھ ملکی سیاست و معاشرت پر مختصر مگر جامع تبصرہ کرتے ہیں جو طنزومزاح سے بھرپور ہوتا ہے۔
Related Posts
Add A Comment