سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی تمام وزراء اورحکام کوویژن 2030ء میں شامل ترقیاتی اور سماجی پروگراموں پر عمل درآمد کی ہدایت ۔
سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے اس بات پر زوردیا ہے کہ صرف اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) ہی کو اسلامی دنیا کی متحدہ آواز کے طور پر کردار ادا کرنا چاہیے۔
سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کے روز شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیرِ صدارت ہوا۔ سعودی پریس ایجنسی ( ایس پی اے) کے مطابق شاہ سلمان نے او آئی سی کی 1969ء میں قیام کے بعد سے مشترکہ اسلامی لائحہ عمل کو مضبوط بنانے کے لیے کوششوں پر زوردیا ہے۔
کابینہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’اسلامی تعاون تنظیم کے صدر دفاتر اور اس کے رکن ممالک کی میزبانی مملکت کے لیے ایک اعزاز ہے تاکہ اسلامی اقوام کے مفادات کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔‘‘
ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ کے اجلاس میں او آئی سی سے متعلق امورکے علاوہ ویژن 2030ء کے اہداف کے حصول کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا ہے اور کابینہ نے سعودی عرب کے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اقتصادی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھا جائے گا۔
شاہ سلمان نے تمام وزراء اورحکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس منصوبے میں شامل ترقیاتی اور سماجی پروگراموں پر عمل درآمد کریں۔
کابینہ نے الریاض میں خلیج تعاون کونسل(جی سی سی) کے 10 دسمبر کو منعقدہ چالیسویں سربراہ اجلاس کے حتمی اعلامیے کا بھی جائزہ لیا ہے اور چھے ملکی اتحاد کی مزید باہمی ارتباط واتصال، ایک دوسرے پر انحصاری ،تزویراتی شراکت داری کے فروغ، اقتصادی اتحاد کے لیے خواہشات اور اجلاس کے دوران میں کیے گئے فیصلوں اور سمجھوتوں پر عمل درآمد کو سراہا ہے۔
شاہ سلمان نے وزارتی کونسل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ، ملائشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد اور یورپی کمیشن کے صدر ارسلا ون دیر لیون سے ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کے بارے میں آگاہ کیا۔انھوں نے وزراء کو مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو بھیجے گئے اپنے پیغام سے بھی آگاہ کیا۔