پاکستان کی نامور اداکار کبریٰ خان اس وقت ‘الف’ نامی ڈرامے میں کام کررہی ہیں جس میں ان کے ہمراہ احسن خان نے اہم کردار نبھایا۔
اس ڈرامے میں کبریٰ خان نے ‘حسن جہاں’ نامی اداکارہ کا کردار نبھایا ہے جو ایک خطاط کے عشق میں مبتلا ہوکر شوبز سے کنارہ کشی کرلیتی ہے۔
کبریٰ خان کو اپنے کردار کی وجہ سے مداحوں اور تجزیہ کاروں دونوں کا ہی مثبت ردعمل موصول ہورہا ہے۔
اس حوالے سے اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے ‘حسن جہاں’ کے کردار کو اپنی زندگی کا سب سے خاص کردار کہا۔
حسن جہاں، میں نے حسن جہاں کا کردار نبھایا نہیں بلکہ اس کردار کو جیا ہے، کبریٰ خان
کبریٰ خان نے اس پوسٹ میں اپنے کردار کی ایک تصویر بھی شیئر کی اور لکھا کہ ‘حسن جہاں، میں نے حسن جہاں کا کردار نبھایا نہیں بلکہ اس کردار کو جیا ہے، ہر اداکار اپنی زندگی میں ایک ایسا کردار ضرور ادا کرتا ہے یا کسی ایسے اسکرپٹ کا ضرور انتخاب کرتا ہے جو اس کی زندگی تبدیل کردے’۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ‘حسن جہاں میرے لیے وہی ایک لمحہ ثابت ہوا، اس کردار نے مجھے ہمت دی، ایمان، صبر اور بےلوث ہونا سکھایا، یہ کردار ہمیشہ میرا ایک اہم حصہ رہے گا۔
کبریٰ خان کے مطابق ‘یہ ایک تقریر لگے گی، لیکن جو پیار مجھے ملا اور جو سبق میں نے اس ناول سے سیکھا وہ کسی بھی ایوارڈ سے بہت بڑھ کر ہے’۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں ڈرامے کی ٹیم میں موجود احسن خان، عمیرہ احمد، پہلاج حسن، ثنا شہناز اور حسیب حسن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پوسٹ کے آخر میں کبریٰ خان نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہی سب سے بہترین منصوبہ بندی کرنے والا ہے۔
‘الف’ ڈرامے کی کہانی معروف ناول نگار عمیرہ احمد نے تحریر کی، اس ڈرامے کی ہدایات حسیب حسن نے دی۔
ناول کے نام سے ظاہر ہے کہ یہ عمیرہ احمد کے گزشتہ ناولوں کی طرح حقیقی اور مجازی محبت کے امتزاج پر مبنی ہے۔ شائع شدہ ناول کے سرورق پر ترک درویش کے رقص کا مصورانہ عکس ہے۔ ناول کے انتساب میں ایک قرآنی آیت کا ترجمہ درج ہے۔
اس ڈرامے میں حمزہ علی عباسی اور سجل علی نے اہم کردار نبھائے۔
‘الف’ میں حمزہ علی عباسی ‘قلب مومن’ نامی مغرور اور بے باک فلم ساز کا کردار نبھارہے ہیں جبکہ سجل علی ‘مومنہ سلطانہ’ نامی ایک ایسی لڑکی کے روپ میں نظر آئیں جو اداکارہ بننے کی خواہشمند ہیں۔