سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے سوموار کے روز الگ الگ ملاقات کی۔ اس موقع پر اسلام آباد میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور دیگر اعلیٰ سعودی اور پاکستانی حکام بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ہونے والی شہزادہ خالد بن سلمان کی ملاقات میں باہمی تعلقات، خطے اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی اہمیت کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان اور معاشی امداد کا حوالہ دیا۔
وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی تعلقات کو سراہا۔ وزیراعظم نے سعودی مہمان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
معزز مہمان نے قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی کوششوں کی تعریف کی.
درایں اثنا سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے مسلح فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ جی ایچ کیو کے دورہ کے موقع پر معزز مہمان کو فوج کے چاک چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس موقع پر ہونے والی ملاقات میں سعودی مہمان نے پاکستان فوج کی پیشہ وارانہ کارکردگی کی تعریف کی۔ انھوں نے رائل آرمڈ فورسز کی تربیت اور معاونت پر پاکستانی سپہ سالار کا شکریہ ادا کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے خطے میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کے اعادے کا بھی اعلان کیا۔ جنرل باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کے اعتراف اور تحسین پر سعودی مہمان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں شہزادہ خالد اور جنرل باجوہ نے دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون، تربیتی پروگرام اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔