تحریک انصاف کی زیر قیادت حکومت نے وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی وزارت کے تحت مذہبی تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی اور مدرسوں میں سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) اور ہائر سیکنڈری اسکول (ایچ ایس ایس سی) سطح کے عصری مضامین کو متعارف کرانے کیلئے تمام دینی مدارس کو رجسٹر کرلیا ہے۔
ان مضامین کو اگلے پانچ سالوں کے دوران دینی مدارس میں متعارف کرایا جائے گا تاکہ انہیں مرکزی دھارے میں لایا جائے۔ مدرسہ اصلاحات کے نام پر ایسے منصوبے مشرف/شوکت عزیز حکومت کے دوران متعارف کرائے گئے تھےلیکن وہ کوئی مطلوبہ نتائج سامنے نہ لاسکی۔
ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن محمد جہانزیب خان کی صدارت میں سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کے اجلاس میں 1253.420 ملین روپے کی مالیت کا یہ منصوبہ پیش کیا گیا جسے اس فورم نے منظور کرلیا۔
منصوبہ بندی کمیشن کی جانب سے پشاور۔ڈی آئی خان موٹر وے کی مالی اعانت پر اعتراضات کے باوجود سی ڈی ڈبلیو پی سی پیک کے تحت 276.529 ارب روپے کی تخمینہ شدہ لاگت سے مغربی روٹ کے اس اہم روڈ رابطہ منصوبے کو کلیئر کردیا۔
سی ڈی ڈبلیو پی نے 86.7 ارب روپے کی تخمینہ شدہ لاگت سے پبلک فنانس مینجمنٹ (پی ایف ایم) منصوبے کے لئے مالی اعانت بھی فراہم کی۔ اگرچہ پی ایس ڈی پی اور صوبائی اے ڈی پیز نے رواں مالی سال کے لئے اس منصوبے کو شامل نہیں کیا لیکن اس کو اضافی گرانٹ کے ذریعہ شامل کیا جاسکتا ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کے باضابطہ اعلان کے مطابق سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس نے 3.37 ارب روپے لاگت کے دو ترقیاتی منصوبے کلیئر کئے اور نیشنل اکنامک کاؤنسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کو مزید غور کیلئے 402.305 ارب روپے مالیت کے تین منصوبوں کی سفارش کی۔ اجلاس میں منصوبہ بندی کمیشن اور وفاقی وزارتوں یا ڈویژنز کے سینئر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔H