اقبال انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کے زیر اہتمام” پاک چین اقتصادی راہداری اور مختلف بیانیوں کی تشکیل” کے موضوع پر دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس بدھ 17 نومبر 2021 کو قائد اعظم آڈیٹوریم ، فیصل مسجد کیمپس اسلام آباد میں صبح 9 بجے شروع ہورہی ہے۔ کانفرنس میں ملکی اور عالمی سطح کے ممتاز ماہرین معیشت و سماجیات اور ابلاغ عامہ شرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس کے مختلف اجلاسوں میں یہ ماہرین سی پیک کے خطے اور عالمی سطح پر اثرات کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کریں گے۔
کانفرنس کے انعقاد کے اسباب ، اہداف ومقاصد پر اظہار خیال کرتے ہوئے اقبال انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر حسن الامین نے کہا کہ سی پیک ایک اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد چین کے مغربی حصے کو جنوب میں واقع بحیرہ عرب سے اس طرح ملانا ہے کہ توانائی ، انفراسٹرکچر، ریلوے اور دیگر صنعتوں کے کئی ذیلی منصوبے زیرعمل لائے جارہے ہیں اور سی پیک دوسرے فیز میں داخل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے بارے میں پاکستان ، خطے اور عالمی سطح پر کئی بیانیے زیرگردش ہیں جن میں چین ،پاکستان کے سرکاری بیانیے، سیاسی بیانیے، کم ترقی یافتہ علاقوں کے بیانیےاورمعاشی و سماجی ماہرین کے بیانی شامل ہیں۔
ڈاکٹر حسن الامین کا مزید کہنا تھا کہ کانفرنس کے انعقاد کے لیے گذشتہ سال مقالات طلب کیے تھے جس کے جواب میں دنیا بھر سے ماہرین معیشت ، ملکی و عالمی جامعات کے اساتذہ و محققین نے رابطہ کیا اور اپنے تحقیقی مقالات بھیجے۔ مقالات کا بھرپور علمی جائزہ لیا گیا اور منتخب ماہرین کو کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے۔