چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل الشیخ نے کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اسپیکر اسد قیصر نے چئیرمین شوریٰ کونسل کو 2020 سال کے اوائل میں اسلام آباد میں کشمیر پر مجوزہ بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس سے آگاہ کیا ہے۔ ان کی مقیادت میں پاکستان کا نمائندہ پارلیمانی وفد سعودی عرب کے دورے پر ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین عبداللہ محمد ابراہیم آل الشیخ نے پاکستانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور شوریٰ کونسل اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، وہ بھارتی فورسز کے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کا خاتمہ چاہتے ہیں اور کشمیری عوام کو آئینی حقوق دلوانے کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ انھوں نے دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ او آئی سی بین الاقوامی وعدوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے.
اسپیکر اسد قیصر نے اپنے سعودی ہم منصب ڈاکٹر عبداللہ بن محمد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ظلم و ستم عروج پر ہیں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے فیصلوں سے ہندوستان میں اقلیتوں کو خطرہ لاحق ہے ۔ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔
الریاض میں اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے مابین اہم علاقائی وعالمی امور سمیت قومی اسمبلی پاکستان اور سعودی شوری کونسل کے مابین پارلیمانی تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر اسد قیصر اورڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل الشیخ نے مغربی دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا سے نمٹنے کے لیے امت مسلمہ کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اسپیکر نے مشورہ دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مغرب میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے امہ کو مشترکہ لائحہ عمل اپنا کر کردار ادا کرنا چاہیے۔ اسپیکر اسد قیصر نے چئیرمین شوریٰ کونسل کو اگلے سال کے اوائل میں اسلام آباد میں کشمیر کے بارے میں منعقد ہونے والی مجوزہ بین الاقوامی پارلیمانی کانفرنس کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
انھوں نے کانفرنس کے انعقاد کے لئے سعودی تعاون پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ یہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی توجہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی طرف مبذول کروانے کا ایک مناسب موقع ہوگا۔ پاکستان کے پارلیمانی وفد نے سعودی مجلس شوریٰ کے صدر دفاتر کا دورہ کیا ۔ قومی اسمبلی اور سعودی شوریٰ کونسل کے مابین باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔