سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان بھر میں گھروں اور دفاتر کو گرم رکھنے کے لئے گیس اور بجلی سے چلنے والے ہیٹرز اور برنرز کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ گیس کی لیکج اور گیس پر چلنے والے آلات سے ہونے والے حادثات سے ہر سال پاکستان میں کئی جانوں کا نقصان ہوتا ہے۔ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لئے مندرجہ ذیل امور کا خاص طور ہر خیال رکھیں:
1۔ رات کو آگ روشن کر کے سونے سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے۔ حدیث میں ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ مدينہ میں رات کے وقت ایک گھر جل گیا۔ جب رسول اللہ ﷺ کو اس کے بارے میں بتایا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”یہ آگ تو تہماری دشمن ہے۔ چنانچہ جب تم سونے لگو تو اسے بجھا دیا کرو۔ اس لئے سونے سے قبل اہتمام سے آگ کو بجھانے کی ذمہ داری مستقل طور پر کسی شخص کی لگائی جائے اور دوسرا شخص اس کی نگرانی پر مامور ہو۔
2۔ کوشش کریں کہ گیس کے وہ ہیٹرز استعمال ہوں جن میں گیس کی سپلائی منقطع ہونے کی صورت میں آٹو شٹ کا آپشن موجود ہو۔ پاکستان میں کئی گھرانے کی اموات گیس کی سپلائی معطل ہونے اور بعد ازاں بحال ہونے کی وجہ سے بند کمروں میں گیس پھیلنے سے واقع ہوئی ہیں۔ اس بارے میں بے احتیاطی بہت زیادہ ہوتی ہے اور سستی کی وجہ سے لوگ یہ سوچتے سوچتے سو جاتے ہیں کہ کچھ دیر میں اٹھ کر گیس کو بند کر دیں گے۔
3۔ ہمیشہ کمروں میں ہوا کی آمد و رفت کا ایک راستہ ضرور کھلا رکھیں۔
4۔ گیس کی ہیٹرز اور چولہوں کو کمروں میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے پلاسٹک کے پائپس استعمال ہوتے ہیں۔ ہمیشہ مناسب کوالٹی کے پائپس استعمال کریں اور کوشش کریں کہ گیس کے اپلائنسز کو ایک جگہ پر ہی فکس رکھیں۔ پلاسٹک کے پائپس کو دونوں اطراف سے مضبوطی کے ساتھ جوڑیں تاکہ گیس خارج ہونے کا امکان نہ رہے۔
5۔ سوتے وقت صرف اپلائنسز کو بند نہ کریں بلکہ گیس کو والو سے بند کریں تاکہ پائپس کے کٹنے یا لیک کرنے کی صورت میں بچاؤ ممکن رہے۔
6۔ سلینڈرز کے استعمال میں بہت زیادہ احتیاط برتیں اور صرف سرٹیفائیڈ کوالٹی کے سلینڈرز استعمال کریں۔ بند کمروں میں سلینڈرز کے اوپر نصب شدہ برنرز کو جلائے رکھنا بہت خطرناک ہے اور اس سے گریز ضروری ہے۔ سلینڈرز کو ہمیشہ باہر کھلی فضا میں آگ سے دور رکھیں۔
7۔ براہ راست آگ سے گرمائش حاصل کرنے کے نقصانات صحت کو بھی لاحق ہوتے ہیں۔ اس سے بند کمروں میں آکسیجن کی کمی پیدا ہوتی ہے۔ کوشش کریں کہ گرم کپڑوں سے خود کو محفوظ بنائیں۔
8. بجلی سے چلنے والے اپلائنسز کو ہمیشہ اچھی کوالٹی کے آلات’ تاروں اور ایکسٹینشن کے ساتھ استعمال کریں۔ بسا اوقات پلگ اور تار حدت کی وجہ سے پگھل جاتے ہیں اور ان کو بروقت تبدیل نہیں کیا جاتا اور حادثات رونما ہوتے ہیں۔ اس بارے میں سستی اور غفلت جان لیوا ہوسکتی ہے۔
9۔ گیس کے گیزر کو جلاتے وقت ہمیشہ پائیلٹ کو استعمال کریں اور برنر کو براہ راست شعلہ لگانے سے گریز کریں۔ اگر برنر کو براہ راست جلانا ناگزیر ہو تو ہاتھ اور چہرے کو محفوظ فاصلے پر رکھ کر لائیٹر’ موم بتی یا کسی اور واسطے سے برنر کو شعلہ دکھائیں۔
10۔ سب اہم بات یہ کہ اللہ سے عافیت طلب کرتے رہیں اور ہمیشہ حفاظت کی دعاؤں کا اہتمام کریں۔