جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مریم نواز کے ساتھ ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کا عذر اب بدتر از گناہ ہے، قبول نہیں کیا جاسکتا، اپوزیشن یکسو نہ ہوسکی اس لیے خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے بیان میں کہاکہ سیاست میں ہم ان رویوں کی مذمت کرتے ہیں نیب کی بھی مذمت کرتے ہیں، نیب اب بہانے بنارہا ہے کہ ہم نے صرف مریم نواز کو بلایا تھا۔
سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ نیب کے ذریعے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے،نون لیگ کی گاڑیوں سے پتھر اس لیے برآمد ہوئے کہ ان کو باقاعدہ پتھروں کے ساتھ بھیجا گیا۔
مولانا فضل الرحمٰن کاکہنا تھا کہ اس چال کا مقصد تھا کہ تاکہ انہوں نے جو کرنا ہے اس کو کور فراہم کیا جاسکے، یہ ایسی شرارتیں سوچتے ہیں ایسے موقعوں پر کہ شیطان بھی نہ سوجھ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک اپوزیشن یکسو نہیں ہوگی ان ظالمانہ اقدامات اور ناجائز حکومت کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا نہیں کرسکے گی، اپوزیشن کو ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف یکسو ہونا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ نیب کے ذریعے انتقام لیا جارہا ہے،اپوزیشن یکسو نہ ہوسکی اس لیے خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ کارکنوں کا جمع ہونا ان کا حق ہے،جمہوریت اور سیاست دشمن عناصر کی حوصلہ افزائی نہ کی جائے،ایک زمانے میں میرے جلوس پر بھی پولیس نے پتھراؤ کیا تھا۔