آزاد جموں وکشمیر (اے جے کے) کے صدر سردار مسعود خان نے قطر چیریٹی کو معاشرتی شعبے میں کام کرنے والوں کے لئے ایک مثالی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ "یتیم اور کمزور بچوں کی مدد کرنے والے ہمارے حقیقی مددگار ہیں ".
انہوں نے یہ باتیں جمعرات کے روز راولا کوٹ میں یتیم بچوں میں امدادی چیک تقسیم کرنے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں کہیں جہاں وہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔
اس تقریب کا اہتمام قطر چیریٹی نے کیا تھا ، جس نے اے جے کے سمیت ملک بھر میں ایک لاکھ سے زیادہ یتیم اور کمزور بچوں کی امداد کے لیے 243 ملین روپے فراہم کیے ہیں۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ یتیم بچوں کی مدد کا تصور ہر مذہب میں پایا جاتا ہے ، لیکن اسلام ایک ایسا مذہب ہے جس نے یتیم بچوں کی مدد کو لازمی قرار دیا ہے۔ قطر چیریٹی نے یتیم بچوں کے لیے کثیر تعداد میں رقم ، بہترین تعلیم کے لیے اچھی رہائش گاہیں، کھانا ، کپڑے اور صحت جیسی سہولیات فراہم کیں ہیں۔ یہ ادارہ 1998 سے آزاد جموں و کشمیر کے دوردراز علاقوں میں بے سہارا اور یتیم بچوں کو یہ تمام سہولیات انکی دہلیز پر فراہم کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینکڑوں بچے جنہوں نے قطر چیریٹی کی مدد سے میڈیکل اور انجینئرنگ کے مضامین میں اپنی تعلیم مکمل کی تھی ، اب وہ ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں ، خاص طور پر آزاد جموں و کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں اس خیراتی ادارے کے ذریعہ مختلف منصوبوں کی تکمیل بھی ہوچکی ہے۔
سردار مسعود خان نے نے راولاکوٹ اور آس پاس کے علاقوں میں سیکڑوں یتیم بچوں کی امداد کرنے پر چیریٹی کے انتظامیہ اور مخیر حضرات کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قطر چیریٹی کے کنٹری پروگرام منیجر محمد وقاص نے زور دے کر کہا کہ ان کی تنظیم پاکستان سمیت 30 سے زیادہ ممالک میں کام کر رہی ہے۔ یہ تنظیم پاکستان میں 7000 بچوں کو تعلیمی وظائف فراہم کررہی ہے۔ یاد رہے کہ قطر چیرٹی آزادکشمیر میں 3500 بچوں کو تعلیمی مدد فراہم کرنے کے علاوہ یتیم لڑکیوں کی شادی پر جہیز بھی فراہم کرتی ہے۔ پانی ، صفائی ستھرائی اور صحت کی بہتر سہولیات کے لیے ہسپتالوں کی تعمیر اور ہسپتالوں میں جدید سامان عطیہ کرنے اور ہسپتالوں کے عملے کو تربیت بھی فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیریٹی نے مظفرآباد ، باغ اور راولاکوٹ میں اپنے دفاتر قائم کیے تھے اور حالیہ زلزلے کے بعد اس نے میرپور میں بھی بھرپور کیا کام کیا اور وہاں کے لوگوں کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا۔
سردار مسعود خان نے موسمیاتی تبدیلیوں جیسے جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اے جے کے اور پاکستان میں مختلف پراجیکٹس شروع کرنے پر بھی اس تنظیم کی تعریف کی اور قطر حکومت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔