نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد نے نوو نورڈیسک پاکستان کے ساتھ مل کر ‘فِٹ فار ہیلتھ’ اقدام کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں میں ذیابیطس اور موٹاپے کی بڑھتی ہوئی شرح کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اس کا آغاز نیشنل سکلز یونیورسٹی میں ایک افتتاحی ورکشاپ کے دوران کیا گیا، جس کا مقصد تعلیمی اداروں اور کمیونٹی میں صحت مند اور فعال طرز زندگی کو فروغ دینا ہے۔
اس ورکشاپ کا عنوان تھا "نوجوانوں میں ذیابیطس اور موٹاپے کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لئے اساتذہ کو بااختیار بنانا”۔ اس میں اسلام آباد کے سرکاری اور نجی شعبے کی یونیورسٹیوں کے اساتذہ نے شرکت کی۔ مقررین، جن میں یونیورسٹی کی قیادت، ڈاکٹروں، غذائی ماہرین، اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز شامل تھے، نے اساتذہ کے اہم کردار کو اجاگر کیا تاکہ موٹاپے اور ذیابیطس کی شرح کو کم کیا جا سکے۔ نمایاں مقررین میں ڈاکٹر نوشین عباس، کنسلٹنٹ نیوٹریشنسٹ، اور ڈاکٹر علی عارف، کنسلٹنٹ ذیابیطس شامل تھے، جنہوں نے اچھی غذائیت اور صحت مند طرز زندگی کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے نوجوانوں اور بزرگوں کے لئے صحت مند زندگی کے لئے طرز زندگی میں تبدیلی کے بارے میں مفید معلومات فراہم کیں۔ اس تقریب میں اسلام آباد کی بارہ معروف یونیورسٹیوں سے چالیس فیکلٹی ممبران نے شرکت کی، جن میں ایئر یونیورسٹی، نسٹ، نمل، محی الدین یونیورسٹی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسرا یونیورسٹی، شفا کالج آف میڈیسن اینڈ نرسنگ، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور کوہسار یونیورسٹی مری کے استاذہ نمایاں طور پر شامل ہوئے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار، وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد، نے ذیابیطس اور موٹاپے جیسے غیر متعدی امراض کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی کا 50 فیصد سے زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، لہذا ان کی صحت اور بہبود میں سرمایہ کاری کرنا بہتر مستقبل کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں نوجوانوں کو صحت مند طرز زندگی کی اہمیت کے بارے میں تعلیم دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
حسنین احمد، ڈائریکٹر مارکیٹ ایکسیس اینڈ پبلک افیئرز نوو نورڈیسک پاکستان، نے نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کی ذیابیطس اور موٹاپے کی روک تھام کےلیےکیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس شراکت داری کو تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے لئے آگاہی سیمینارز، ورکشاپس، اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کی سہولت فراہم کرنے کے لئے اہم قرار دیا۔ انہوں نے اسکول ایسوسی ایشنز، تعلیمی محکموں، اقوام متحدہ کی تنظیموں، اور دیگر کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف ندیم، چیئرمین ایم ایل ٹی ڈیپارٹمنٹ، نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد، نے پاکستان میں ذیابیطس اور موٹاپے کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کے لئے پالیسی سازوں، کارپوریٹ اداروں، اور اکیڈیمیا کی مشترکہ کوششوں کی فوری ضرورت پر زور دیا۔